مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے آج پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس میں اپنے پیشگی خطاب کے دوران کہا کہ ہم ایسے ہفتے میں ہیں جس کے ایام کو بسیج کے نام سے برکت حاصل ہے۔ بسیج وہ ادارہ ہے جو امام راحل اور ان کے جاں نثار فرزندوں کی یادگار ہے۔
اس موقع پر انہوں نے بسیج کی مختلف قربانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ محلوں کا امن و سکون بسیجی فورسز کی موجودگی اور قربانیوں کا مرہونِ منت ہے۔ گزشتہ تقریباً پانچ دہائیوں کا تجربہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ جہاں کہیں عوام میدان میں آئے ہیں، وہاں مسائل زیادہ تیزی اور بہتر معیار کے ساتھ حل ہوئے ہیں۔ اسی لیے ہم تمام عہدیداروں کو، خواہ ہم کسی بھی ادارے یا منصب پر فائز ہوں، سلامتی کے عمل میں عوام کی شمولیت کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
قالیباف نے کہا کہ سلامتی کو عوامی بنیادوں پر استوار کرنے کا مطلب یہ ہے کہ بسیج ہر محلے کے عوام کے ساتھ مل کر مسائل پر نظر رکھے، عوام اور اداروں کے درمیان رابطے کا ذریعہ بنے اور مقامی سطح پر دشمن کی سازشوں اور منصوبہ بندیوں کو ناکام بنائے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ محلوں میں بسیج کی فعال موجودگی اور مقامی باشندوں کے عزم و ارادے کے امتزاج سے اس بات کو یقینی بنایا جا سکتا ہے کہ محلے کے رہائشیوں کی زندگی میں کوئی مسئلہ حل طلب نہ رہے۔ محلوں میں امدادی نیٹ ورکس قائم کرنا، روزمرہ معاشی مسائل حل کرنا، عوام کے جائز مطالبات کو بڑے پالیسی فیصلوں سے جوڑنا اور ان کی آواز حکام تک پہنچانا، اس عوامی ادارے اور امام راحل کی یادگار کی ایک عظیم ذمہ داری ہے۔
قالیباف نے مزید کہا کہ 9 کروڑ کی پوری ملت کے ساتھ بسیج کی ہم آہنگی ہے۔ یہ وہی ایرانی عوام ہیں جو ہر طرح کی سوچ اور رجحان کے باوجود اپنے عظیم وطن، اس کی عزت اور سلامتی سے وابستہ ہیں اور 12 روزہ جنگ اور بالخصوص 40 روزہ جنگ کے بعد سڑکوں پر نکلے اور دشمن کو اپنے مقاصد حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی۔ آج بسیج کا مشن ایران کے تمام عوام کے درمیان اس وسیع اتحاد و یکجہتی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے مزید کہا کہ حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کے ایامِ وفات کے موقع پر ہم شہداء کی عظیم ماؤں کی یاد اور ان کی قربانیوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ یہ وہ مائیں ہیں جنہوں نے ایمان سے لبریز دلوں کے ساتھ اور حضرت عباس علیہ السلام کی والدہ کے مکتب سے درسِ وفا حاصل کرتے ہوئے اپنے جگر گوشوں کو اسلام اور اس سرزمین کی خاطر قربان کر دیا۔ ان کا صبر اس ملک کی استقامت کے ستونوں کی حیثیت رکھتا ہے۔ تاریخ کبھی فراموش نہیں کرے گی کہ آج اسلامی ایران کی سلامتی، عزت اور اقتدار ان صابر اور قربانی دینے والی ماؤں کے آنسوؤں اور دعاؤں کا مرہونِ منت ہے۔
انہوں نے ارکان پارلیمنٹ کی ذمہ داریوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام اور رہبرِ انقلابِ اسلامی ہم سے توقع رکھتے ہیں کہ ہم اپنی توجہ بنیادی مسائل، بالخصوص عوام کے معاشی مسائل کے حل پر مرکوز رکھیں۔ ہر رکنِ پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسائل حل کرنے میں پیش قدمی کرے اور ہر قسم کی غیر ضروری بحث، حاشیہ آرائی اور ہنگامہ آرائی سے گریز کرے۔
ایرانی اسپیکر نے کہا کہ امریکہ کے صدر کی حالیہ بیہودہ گوئیوں اور دھمکیوں کے تناظر میں ضروری ہے کہ میں واضح کر دوں کہ ہمارا مؤقف بالکل واضح ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے سربلند اور باوقار عوام کو دھمکیاں دینا اور ان کی توہین کرنا، نیز اقتصادی دباؤ بڑھانے پر اصرار کرنا، کسی بھی چیز سے بڑھ کر امریکیوں کی ہماری عزیز، ثابت قدم اور خودمختار قوم کے مقابلے میں بے بسی کی علامت ہے۔
قالیباف نے آخر میں کہا کہ ہماری بات وہی ہے جو ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں؛ ایران کی سات شرائط پر عمل درآمد سے پہلے نہ کوئی اقدام ہوگا اور نہ ہی کوئی مذاکرات کیے جائیں گے۔ اسی طرح دشمن کی سرگرمیوں کے مقابلے میں ہم فیصلہ کن جواب دینے اور دشمن کی کسی غلطی کی صورت میں میدانِ جنگ کا جغرافیہ تبدیل کرنے کے لیے تیار ہیں۔
آپ کا تبصرہ